1 جنوری 2019 - 15:37
ایٹمی معاہدے کے تحفظ کے لئے ایران کے ساتھ تجارت کی ضمانت ضروری: موگرینی

یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے اعتراف کیا ہے کہ ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد جاری رکھنے کے لئے اس بات کی ضمانت فراہم کئے جانے کی ضرورت ہے کہ ایران کے ساتھ تجارت کی خواہاں کمپنیوں کو کسی مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے نئے عیسوی سال دو ہزار انیس کے آغاز کے موقع پر ایک بیان میں کہا ہے کہ یورپی یونین، عالمی برادری کے ساتھ تعاون کر رہی ہے تاکہ ایٹمی معاہدے کا تحفظ کیا جا سکے اس لئے کہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی اپنی مسلسل چودہ رپورٹوں میں اس بات کی تصدیق کر چکی ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا ہے۔
فیڈریکا موگرینی نے ایٹمی معاہدے پر عمل درآمد، اس کے تحفظ اور ایران کے ساتھ تجارت شروع کرنے کی خواہاں کمپنیوں کو ضمانت فراہم کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات عمل میں لائے جانے کی ضرورت ہے کہ جن سے ایران کے ساتھ اقتصادی لین دین کرنے والی کمپنیوں کی مدد و تحفظ اور ان کو اس بات کا اطمینان حاصل ہو سکے کہ ایران کے ساتھ تجارت میں انھیں کسی مسئلے کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیڈریکا موگرینی نے کہا کہ یورپ اس بات کو تسلیم نہیں کرے گا کہ کسی بھی ملک کے ساتھ قانونی تجارت کے طریقہ کار کے بارے میں امریکہ کوئی فیصلہ کرے۔
فیڈریکا موگرینی کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے کہ ایران کے دفتر خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے اتوار کے روز اس بات پر افسوس کا اظہار کیا تھا کہ یورپ، امریکی دباؤ کی بنا پر ایران کے ساتھ مالی لین دین کے سسٹم، ایس پی وی کے قیام میں اب تک کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے بھی پیر کے روز ایران اور ایٹمی معاہدے کی حمایت میں یورپ کے مواقف کا خیرمقدم کرتے ہوئے، ان مواقف کو ناکافی قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یورپی ملکوں کو چاہئے کہ ایمٹی معاہدے کی حمایت میں عملی اقدامات انجام دیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲